القدوس
اس اسم مبارک کے اعداد ۱۷۰ ہیں ۔ دشمن کو مغلوب اور زیر کرنے کے لیئے ۱۷۰ مرتبہ یا اپنے نام کے اعداد کے مطابق پڑھنا اکسیر کا حکم رکھتا ہے۔
اس کا نقش مشک و زعفران سے کسی نیک ساعت میں لکھنے سے عامل نقش خلائق کی نگاہوں میں محترم ہو کر شہرت پاتا ہے۔ اس نقش پاک کو زعفران سے لکھ کر خالص عرق گلاب میں گھول کر پینا جگر کے امراض میں فائدہ پہنچاتا ہے ۔ اور خاص طور پر یرقان کا عارضہ جاتا رہتا ہے۔ اس کا نقش گلے میں لٹکانے سے تمام جائز کاموں میں کامیابی ملتی ہے۔
اکبرین نے فرمایا ہے کہ اگر اس اسم مبارک کو روزانہ ۱۷۰ مرتبہ پڑھے تو وساوس شیطانی سے محفوظ رہے۔ اور اکابرین نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص ۱۷۰ مرتبہ ایک وقت مقرر کر کے اس اسم مبارک کو پڑھے گا تو اس کا باطن بالک پاک ہو جائے گا۔
اگر اس اسم کی تلاوت روزانہ ۱۱۵ مرتبہ کی جائے تو انسان کو ظاہری اور باطنی امراض سے صحت نصیب ہو جائے گی اور قلب و نفس بھی طاہر و طیب ہو جائیں گے۔
امام بونی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ اگر کوئی شخص اس اسم مبارک کو بکثرت روزانہ پڑھنے کا معمول بنا لے تو دنیا کی ہر بری خواہش اس کے دل سے مٹ جائے اور دل اچھے اور پاکیزہ خیالات کا مرکز بن جائے۔
اگر کسی کا کاروبار بند ہو گیا ہو، تو وہ اس اسم کو روزانہ گیارہ سو مرتبہ بعد نماز عشاء پڑھے اور اس نقش کو دو عدد زعفران سے لکھے ، ایک کو اپنے سیدھے بازو پر باندھے اور ایک کو اپنے کاروباری مقام پر شیشے میں محفوظ کروا کر لگائے اور اس بات کا ضرور خیال رکھے کہ اس پر مٹی نہ لگے ، ہفتہ میں تین مرتبہ اس نقش کی صفائی کی جائے۔
تمام اسماء الحسنٰی کے مخصوص نقوش کے استعمال کے طریقے علماء و اکابرین نے بیان فرمائے ہیں۔ تاہم کسی بھی نقش کے استعمال سےقبل ادب کا تقاضہ ہے کہ کچھ ہدیہ پیش کر کے اُس کی اجازت طلب کی جائے اور بہتر ہوگا کہ اپنے نام اور مقاصد کے اعتبار سے نقش بنوا کر استعمال میں لایا جائے۔ تاکہ فیوض و برکات کا سلسلہ بھی جاری رہے اور عمل کی رجعت سے بھی محفوظ رہا جا سکے۔
